Saturday, June 11, 2016

Bilawal Bhutto and Punjabistan بلاول اور پنجابستان




بلاول اور پنجابستان
عامر ریاض

Link of the Published Article
http://www.dawnnews.tv/news/1038536/13june2016-bilawal-aur-punjabistan-aa

اگر بلاول نے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو سے سیاست سیکھی ہوتی تو وہ پنجاب اور پنجابیوں کو طعنے دینے میں غلطاں رہنے کی بجائے پنجابیوں کے دل جیتنے میں رُجھ جاتے۔ مگر بلاول تو لگتا ہے کہ بابر اعوان، ذولفقار مرزا اور فیصل رضا عابدی جیسوں کی تقلید میں “پریشان” ہیں۔ یوں لگتا ہے وہ شدید اضطراب کی حالت میں ہیں یا پھر ان کے مشیر ان سے ایسے بیان دلوا رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے ہمدرد بھی آصف زرداری کی واپسی کی طرف راغب ہوں۔ یہ باپ بیٹے میں سیاسی کشمکش ہے یا پھر تجزیہ کی غلطی مگراس کھیل میں پنجاب اور پیپلز پارٹی کے درمیان خلیج وسیع ہوتی چلی جائے گی کہ اسے پاٹنا پھر کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔ یوں یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ بلاول کے "پنجاب مخالف "بیانات درحقیقت پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے لیے باعث صد اطمینان ہیں۔
تاریخی طو رپر بھی دیکھا جائے تو پنجاب کئی صدیوں سے اس خطہ کی سیاست کا طرہ امتیاز ہے جس میں کشمیر، خیبر پی کے، بلوچستان، گلگت بلتستان اور سندھ شامل ہیں۔ جلال الدین اکبر دلی سے اپنا تخت اٹھا کر لاہور آکرپورے 10سال بیٹھا رہا  اور یہاں بیٹھ کر کشمیر،اٹک اور ٹھٹھہ سے سمندر کو جاتے رستہ پر "لہوری بندر" یا لہوری ڈاہرو کی مہمیں سر کیں ۔ یہی نہیں بلکہ1767 سے 1849 تک اس خطہ میں آزاد و خودمختار حکومتیں رہیں کہ" سہہ حاکمان لہور" نے پورے 30 سال جبکہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کے لہور دربار نے پورے 50 سال راج کیا۔ 1839 میں رنجیت سنگھ کے مرنے کے بعد اس خطہ میں انگریزی تسلط کیسے مضبوط ہوا کہ پہلے قلات، قندھار و کابل پر 1940 میں انگریزی قبضہ ہوا پھر 1843 میں سندھ، 1846 میں کشمیر اور 1849 میں پنجاب بھی انگریزوں نے سرنگوں کر لیا۔ انگریزی دور میں بھی پنجاب نے اس خطہ کی سیاست میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 20 ویں صدی میں ایک طرف پنجاب نے پگڑی سنبھال جٹا (1906)، غدر تحریک (1914)، جلیانوالہ باغ قتلام کے خلاف تحریک (1919)، تحریک خلافت (1920)، 56 فیصدی تحریک (1926)، ڈوگرہ راج مخالف تحریک (1931) اور تحریک پاکستان (1940-47) میں بھرپور حصہ ڈالا تو دوسری طرف میاں فضل حسین اور یونینسٹ پارٹی نے سیاسی و تعلیمی محاذ پر فقید المثال کامیابیاں حاصل کیں۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی چھپی کتاب“ ہندوستان میں تعلیم 1865 تے 1965 تک” کے مصنفین یہ اقرار کرنے پر مجبور ہوئے کہ میاں فضل حسین کی بدولت پنجاب کے دیہات میں 1927 سے 1936 کے درمیان ہزاروں سکول کھولے گئے جو تناسب کے حساب سے پورے انڈیا کے مقابلہ میں کہیں زیادہ تھے۔ یہی نہیں بلکہ 1937 کے انتخابات میں پنجاب و بنگال ہی تھے جنہوں نے کانگرس کی حاکمیت کو چلینج دیا اور کانگرس ان صوبوں میں اقلیت بن کر رہ گئی۔ مسلم اکثریتی صوبوں کے سیاست میں کلیدی کردار کی خبر بھی اک پنجابی ہی نے الٰہ آباد جا کر1930 میں دی جو تحریک پاکستان کی بنیاد ٹھہری۔ قائداعظم نے 1938 میں سکندر جناح معاہدہ کر کے اس ویژن کو سیاست کا حصہ بنایا کہ یوں مسلم لیگ پنجاب میں پھلنے پھولنے لگی۔ 1940 کی قرارداد لاہور اس نئے سیاسی ویژن کا برملا اظہار تھا کہ جس کے بعد کانگرس کے ستاروں میں روشنیاں مدھم ہونے لگیں۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ ہمارے خطہ میں پنجاب کی سیاسی حیثیت قیامِ پاکستان سے قبل ہی مسلمہ تھی۔ 1946 کے انتخابات میں جب پنجابیوں نے بمبئی کے محمد علی جناح پر اعتماد کر دیا تو پنڈت نہرو نے خان عبدالغفار خان کو کہا کہ پنجاب آپ کو کھا جائے گا۔ یہ بات جسونت سنگھ نے قائداعظم بارے لکھی اپنی کتاب میں حوالہ کے ساتھ لکھی ہے جب نہرو کابینہ مشن کے خلاف خان صاحب کو اپنے ساتھ ملا رہے تھے۔ یہی وہ سیاست تھی جسے قیام پاکستان کے بعد بعض عناصر نے بوجوہ بڑھاوا دیا۔
قائداعظم کے بعد پنجاب کی سیاسی قوت کو عوامی مفاد سے سانجھا کرنے کی بصیرت ذوالفقار علی بھٹو نے دکھائی کہ جناح و بھٹو دونوں ہی غیر پنجابی رہنما تھے جن پر پنجاب نے بھرپور اعتماد کیا۔ کیا یہ پنجاب کو سمجھنے کی واضح مثاالیں نہیں۔ بھٹو لاڑکانہ سے لاہور گئے اور اپنی پارٹی کی بنیادتخت لہور میں رکھی کہ اس پارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کو تارے دکھا دیے۔ یہ محترمہ بے نظیر بھٹو ہی تھیں جنہوں نے اس روایت کو آگے بڑھایا اور 10 اپریل 1986 کو آمر مطلق ضیاالحق کو لاہور ایئرپورٹ پر اتر کر کھلا چیلنج دیا۔
یہی وجہ تھی کہ اسٹیبلشمنٹ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا جنازہ نکالنے میں سرگرم عمل رہی۔ 1988 کے بعد آئی جے آئی بنا کر جس میاں نواز شریف کو پنجاب میں پیپلز پارٹی سے لڑانے کے لیے تیار کیا گیا 2006 میں اسی نواز شریف کے ساتھ میثاق جمہوریت پر دستخط کر کے محترمہ بے نظیر بھٹو نے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ترپ کا پتہ کھیلا۔ جس مفاہمت کو محترمہ نے اپنی سیاست میں سمویا اسے زرداری صاحب نے "چالاکیوں" کی نذر کر ڈالا۔
یہ ہے وہ سیاسی پس منظر جسے بلاول کو یاد رکھنا چاہیے۔ ایک طرف یہ حال ہے کہ بلاول بوجوہ پارٹی کی اُن پالیسیوں پر نظرثانی نہیں کر سکے جن کی وجہ سے پارٹی پنجاب میں مسلسل ناکامیوں میں گھری ہے۔ بلاول تو منظور وٹو کو بھی نہیں ہٹا سکے جنہیں محلاتی سازشوں اور رسہ گیری ہی کاتجربہ ہے کہ انہیں تو پی پی پی کے جیالوں کے نام بھی نہیں آتے۔ نئے صوبوں کے حوالہ سے پنجاب میں پیپلز پارٹی کی پالیسی کچھ اور ہے جبکہ سندھ میں وہ کسی نئے صوبہ کے سرے سے خلاف ہیں۔
کسی بھی برادری، کمیونٹی یا قومیت کو بحیثیت مجموعی نشانہ بنانا وہ ناعاقبت اندیش پالیسی ہے جس کی کوکھ سے نفرتیں ہی جنم لیتی ہیں۔ بنیادی بات یہی ہے کہ جیسے طالبان مخالفت اور پختونوں کی مخالفت میں فرق ہے، جیسے الطاف حسین یا ایم کیو ایم مخالفت اور کراچی حیدرآباد کی اُردو بولنے والی برادری کی مخالفت میں فرق ہے ویسے ہی شریفوں کی مخالفت اور پنجاب مخالفت میں فرق ہے۔ اسی فرق کو بھٹو، بے نظیر تو اپنی سیاست میں ملحوظ خاطر رکھتے تھے کہ زرداری و بلاول کو بھی اس کو سمجھنا چاہیے۔ایسی پالیسی پی پی پی کی روایات سے متصادم ہے کہ بے چارے قمر زمان کائرہ بھی "پنجابستان" کے حوالہ سے دیے گئے بلاول بھٹو کے بیان کا دفاع نہ کر سکے حالانکہ وہ خود بھی ماضی میں ایسے ہی بیانات داغتے رہے ہیں۔ پی پی پی بھارت کے ساتھ تکرار کے ہمیشہ خلاف رہی ہے مگر محض بغض نواز شریف میں بلاول اس حد تک آگے چلے گئے کہ“ مودی کا جو یار ہے” جیسے نعرے لگوانے لگے جو اسٹیبلشمنٹ کے من کو تو خوب بھائے مگر خود پارٹی والے پریشان نظر آئے۔ یوں لگتا ہے کہ اب بلاول کو محترمہ بے نظیر کی طرح “چاچوں” یعنی انکلز سے جان چھڑا کر پارٹی پالیسی پر ازسرنو غور کرنا چاہیے۔ پارٹی کو دوبارہ سے چاروں صوبوں کی زنجیر بنانا اور پچھڑے ہوئے طبقات کی نمائندگی کرنا وہ پالیسی ہے جو پیپلز پارٹی کی پہچان رہی ہے۔ بغض معاویہ کی سیاست سے بلاول پارٹی کی تطہیر کے عمل کو اور زیادہ تیز کر رہے ہیں کہ یہ لمحہ فکر ہے۔

Further Readings
Will PPP revive in future?
پنجاب مخالفاں پی پی پی نوں مروا دِتا

Our anti-Punjab clamour

No comments:

Post a Comment

Followers of Zia's language Policy & literature festivals ضیاالحق دے لسانی سجن اتے ادبی کانفرنساں

  Followers of Zia's language Policy & literature festivals It was dictator Zia ul Hoq who not only played sectarian card but also d...